صدر مملکت کی رہائشگاہ کے باہر کئی روز سے جاری دھرنا ختم

کراچی : صدر مملکت عارف علوی کی رہائشگاہ کے باہر لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں سے لاپتہ شہریوں کے لواحقین نے صدر مملکت عارف علوی کی رہائشگاہ کے باہر دھرنا دیا ہوا تھا اور وہ صدر مملکت سے مطالبہ کر رہے تھے کہ ان کے لاپتہ پیاروں کو واپس لوٹایا جائے۔ ذرائع کے مطابق لاپتہ افراد کے اہلخانہ کی کمیٹی (ایم پی آر سی) کے سربراہ راشد رضوی نے کہا ہے کہ 3، 4 سال سے ’لاپتہ‘ 4 افراد اپنے گھروں کو واپس آگئے ہیں۔

راشد رضوی کا کہنا تھا کہ مزید 8 افراد کی واپسی بھی جلد متوقع ہے، ساتھ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ احتجاج کے باعث اب تک 27 ایسے افراد جو ’لاپتہ‘ تھے انہیں چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی رہائش گاہ کے باہر 2 ہفتوں سے جاری دھرنا بھی ختم کردیا گیا ہے۔