امریکہ کسی کا دوست نہیں اسے صرف اپنے استعماری اہداف کی فکر ہے۔ قائد ملت جعفریہ

علامہ سید ساجد علی نقوی

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہوگئی ہے کہ ٹرمپ اور مودی دونوں استعماری اہداف کے حوالے سے ایک صفحے پر ہیں، ٹرمپ کے دورہ بھارت پر دلی سمیت دیگر مقامات پر جس طرح مسجد، مزار اور مسلم آبادیوں پر انتہاء پسندانہ حملے ہوئے جبکہ متعدد شہری اس انتہاء پسندی کی بھینٹ چڑھ گئے وہ ان نام نہاد جمہوری رہنماﺅں کے منہ پر طمانچہ ہے، ٹرمپ کا نام نہاد بھارتی شہریت بل سے اظہار لاتعلقی اور صرف تجارتی و دفاعی ایشوز پر بات کرنا واضح کررہا ہے کہ امریکی استعمار کو اپنے اہداف کے علاوہ کسی چیز کی فکر نہیں، ٹرمپ، مودی کے مشترکہ اعلامیہ نے بھی پاکستان کے حوالے سے ان کے مکروہ عزائم واضح کردیئے، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم پہلے بھی کہہ چکے کہ کشمیر کے حوالے سے امریکی ثالثی بھی نام نہاد ڈیل آف سنچری کی طرح ہی ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت، انڈیا میں انتہاء پسندوں کی جانب سے مسلم آبادیوں، مسجد و مزار سمیت درجن سے زائد شہریوں کے قتل، املاک کو نقصان اور ٹرمپ مودی کے مشترکہ اعلامیہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ایک طرف امریکہ بھارت کو تھپکی دیتے ہوئے اس کے مقبوضہ کشمیر میں روا رکھے گئے مظالم پر شہ دیتا ہے تو دوسری جانب انڈیا کے اندر جاری مودی انتہاء پسندانہ کارروائیوں کو نظر انداز بھی کردیتا ہے اور اسے بھارت کا اندرونی معاملہ قرار دیتا ہے مگر اپنے دورہ کے اختتام پر ایک طرف ہندوستان کو تھپکی کے ساتھ بھاری دفاعی ساز و سامان کی یقین دہانیاں تو دوسری طرف پاکستان کو ڈکٹیشن دینے کی کوشش کرتا ہے اور ساتھ ہی کشمیر کے معاملے پر دلاسہ بھی دیتا ہے جس سے اسکا دہرا معیار کھل کر سامنے آرہا ہے، ایسی ہی سازشی پالیسی مشرق وسطیٰ میں بھی امریکہ روا رکھے ہوئے ہے، ہم ایک مرتبہ پھر متوجہ کرتے ہیں کہ کسی غلط فہمی میں نہ رہا جائے، امریکہ کی کشمیر پر ثالثی بھی فلسطین کے امن منصوبے کے نام پر نام نہاد ڈیل آف سنچری کی طرح ہی ہوگی، اس حوالے سے اب کشمیری رہنماﺅں کی جانب سے بھی کچھ تحفظات کا اظہار کیا جارہا ہے جسے مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here